(ایجنسیز)
مصر کی مسلح افواج کے سربراہ اور متوقع صدارتی امیدوار فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کی معاشی صورت حال بہت ہی سنگین ہے۔
فیلڈ مارشل سیسی ایک فوجی کنونشن میں تقریر کررہے تھے اوراس کی فوٹیج جمعرات کو سرکاری ٹی وی پر نشر کی گئی ہے جس میں وہ ''مخلصانہ انداز'' میں کہہ رہے ہیں کہ ''ہماری اقتصادی صورت حال بہت ہی مشکل ہے''۔
انھوں نے حاضرین کو مخاطب ہو کر کہا کہ ''میں مصر کو درپیش مسائل کو اپنی آنکھوں کے سامنے بالکل اسی طرح دیکھ سکتا ہوں،جس طرح میں آپ سب کو دیکھ رہا
ہوں۔باتوں سے ملک کی تعمیر نہیں ہوگی بلکہ اس کے لیے سخت محنت اور جدوجہد درکار ہے''۔
آرمی چیف نے اس تقریر میں واضح لفظوں میں اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ وہ ملک کو درپیش معاشی مسائل کو حل کرنے کا عزم رکھتے ہیں مگر وہ یہ کام صدر کے منصب پر فائز ہونے کے بعد ہی کرسکتے ہیں۔
انھوں نے قبل ازیں اسی ہفتے ایک اور تقریر میں آیندہ صدارتی انتخابات میں امیدوار ہونے کا عندیہ دیا تھا لیکن وہ اپنی امیدواری کا اعلان صدارتی انتخابات کا حتمی شیڈول جاری ہونے کے بعد کریں گے۔ان کے اس اعلان کے بعد منگل کو مصر کی اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے۔